مکر می! کورونا وبا خدا وند کریم کی طرف سے انسانیت کیلئے ایک بڑی آزمائش ہے، کہا جا سکتا ہے کہ جب بھی انسان نے قدرت کی طرف سے متعین حدود سے متجاوز ہونے کی کوشش کی تو کسی نہ کسی آزمائش کے ذریعے روک دیاگیا اور انسان کا رخ توبہ کی طرف پلٹ دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ آزماتا ضرور ہے لیکن طاقت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا، یہ اس کا وعدہ ہے نیز کائنات کا کوئی غم ایسا نہیں ہے جو آدمی برداشت نہ کر سکے، یہ وقت شکوہ و شکایت کا بھی نہیں بلکہ ہمت حوصلہ اور تدبر کا ہے اگر کسی ذمہ دار کی طرف سے ان حالات میں کوئی کوتاہی ہوبھی گئی ہے یا وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے پوری نہیں کر سکا تو بھی کوئی بات نہیں تنقید اور گلہ سے پرہیز ضروری ہے۔ نیز انفرادی ذمہ داری ہے کہ اپنے حصے کا دیا جلایا جائے۔اس وقت مثبت رویوں کی شدید ضرورت ہے۔ جس طرح فلاحی تنظیموں اور افراد نے ایک دوسرے کی وسیع قلبی کیساتھ مدد کی ہے، قابل ستائش ہے اسی طرح پاک فوج، پولیس، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنی جان کی پروار کئے بغیر اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں وہ بھی اپنی مثال آپ ہے ۔ ( حافظ محمد فہیم جاوید چیچہ وطنی)