کراچی (این این آئی)پاک بحریہ کے بحری جہازوں پی این ایس معاون اور پی این ایس اصلت نے افریقی خطے میں تعیناتی کے تحت تنزانیہ کی بندرگاہ دار ا لسلام کا دورہ کیا۔ مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسرز نے چیف آف تنزانین نیوی اور ممتاز حکام سے ملاقاتیں کیں ۔ اس دورے کو مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کو اجاگر کرنے کیلئے بھی بھر پور طور پر استعمال کیا گیا۔ بندر گا ہ دار ا لسلام آمد پر تنزانین نیوی کی جانب سے پاک بحریہ کے بحری جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے پاک بحریہ کے بحری جہازوں کے کمانڈنگ آفیسر ز کے ہمراہ چیف آف تنزانین نیوی سمیت دیگر تنزانین حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے بالعموم تنزانیہ کی عوام اور بالخصوص تنزانین نیوی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے حکام نے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کااعادہ بھی کیا۔ مشن کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا جس کا میزبان حکام نے بھی اعتراف کیا۔خیر سگالی کے طور پر پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی ٹیم نے بندرگاہ کے احاطے میں مفت میڈیکل کیمپ بھی لگایا ۔ اس کیمپ میں1600 سے زائد مقامی مریضوں کو طبی علاج اور ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ کچھ مریضوں کا پاک بحریہ کے جہاز معاون پر بھی علاج کیا گیا، جو کہ جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہے ۔ پاکستان نیوی کے میڈیکل کیمپ کو مقامی لوگوں نے بڑے پیمانے پر سراہا۔ بندر گاہ پر قیام کے دوران جہازپرا عزازی عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں بھارتی مسلح افواج کے مظالم اور کشمیریوں کی حالت زار کی عکاس ایک دستاویزی فلم پیش کی گئی۔پاک بحریہ کے بحری جہازوں کی حالیہ تعیناتی کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات ، بحری تعاون کا فروغ اورمیزبان بحریہ کے ساتھ باہمی روابط استوار کرنا ہے ۔