اسلام آباد،لاہور ،نئی دہلی،واشنگٹن( خبر نگار خصوصی،جنرل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز) ملک میں کورونا سے مزید 15افراد جاں بحق ہو گئے اوراموات کی مجموعی تعداد 6097 ہو گئی جبکہ کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے عائد پابندیاں ختم کر دی گئیں جس کے نتیجہ میں کاروباری مراکز ، ہوٹل ،ریسٹورنٹ ،بیوٹی پارلر، جم ،تھیٹر ، سینما ، پارک اورکھیل کے میدان کھل گئے ، ٹرانسپورٹ بھی بحال ہوگئی، مزارات پر حاضری کی مشروط اجازت ہوگی،تاہم شادی ہال اورتعلیمی ادارے بند رہینگے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 539 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 84 ہزار660 تک جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 6097 ہو گئی۔ 24 گھنٹوں میں 20 ہزار495 ٹیسٹ کئے گئے ۔ 1ہزار357 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں ،260764مریض صحتیاب ہوچکے جبکہ 776 کی حالت تشویشناک ہے ، 149 وینٹی لیٹرزپرہیں۔این سی اوسی نے خبردار کیا کہ محرم الحرام میں کورونا سے متعلق ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے سے کیسز بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں محرم کے جلوسوں میں اقدامات پر غور کیاگیا۔ وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق نے بتایاکہ محرم کیلئے علماسے مدد لی جارہی ہے ۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ تحفظ کیلئے واحد راستہ ٹیسٹنگ ہے ۔علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکے فیصلوں پر پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومت نے لاک ڈاؤن خاتمے کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے ۔کاروبار، بازاروں ، مارکیٹوں اور شاپنگ مالزپر عائد وقت اور ہفتہ وار چھٹیوں کی پابندیاں بھی ختم کر دیں۔این سی او سی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) عثمان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالوں کے علاوہ تمام کاروباری مراکز پیر سے کھول دیئے گئے ، مذہبی اجتماعات متعلقہ انتظامیہ کی اجازت سے مشروط ہونگے ، تمام کاروباری مراکز ایس او پیز پر عملدرآمد کے پابند ہونگے ۔ تمام قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چلے گی۔وزارت صحت نے کورونا ایس او پیز پر عمل کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی کہ لوگ پبلک مقامات ، شاپنگ مالز اور ہوٹلز وغیرہ میں ماسک اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں، گلے نہ ملیں اور بچوں کو چیزوں کو بلا وجہ ہاتھ نہ لگانے دیں، بیمار وں کو گھر چھوڑ کر جائیں ۔ پنجاب میں117نئے کیسزکی تصدیق ہوئی ، مجموعی کیسز 94477 ہو گئے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکے مطابق لاہورمیں 41،شیخو پورہ 2،راولپنڈی3،گوجرانوالہ 9، سیالکوٹ2،فیصل آباد میں 13کیس رپورٹ، مزید1ہلاکت کی تصدیق ہوئی،کل اموات 2170ہوگئیں۔ دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 2 کروڑ 31 ہزار 558 ہو گئی جبکہ 736108افراد ہلاک ہوچکے ۔ امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد 51 لاکھ 99 ہزار 444 اور اموات کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار 617 ہوچکی ۔برازیل میں 30 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد متاثر اور1 لاکھ سے زائد اموات ہوئی ہیں۔بھارت کورونا سے متاثرہ تیسرا بڑا ملک، ایک دن میں ریکارڈ62 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ پہلی بار ایک ہزار سے زائدہلاک ہوگئے ۔روس میں 8 لاکھ 87 ہزار 583 افراد متاثر اور اموات 14 ہزار 931 ہو گئیں ۔جنوبی افریقہ میں ہلاکتیں 10 ہزار 4 سو سے بڑھ گئیں جبکہ 5 لاکھ 59 ہزار 859 افراد متاثر ہیں۔ نیویارک ٹائمزکے مطابق امریکہ میں 16 جولائی سے 30 جولائی تک دو ہفتوں میں 97 ہزار بچے کورونا کا شکار ہو ئے ، مجموعی طور پر 338000بچے متاثر ہوئے ۔ادھربھارت میں سابق صدر پرناب مکھرجی اور دنیا کے سب بڑے مندر میں 2 ماہ کے دوران عملے کے 700 ارکان میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ۔ رائٹرزکے مطابق مندر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ تیر ومالا قبضے میں لارڈ وینکٹیشورا مندر میں مندر کے 2 اراکین سمیت سابق ملازم ہلاک ہوچکے ہیں۔ سربراہ عالمی ادارہ صحت تیدروس ایدہانوم نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے درکار اربوں ڈالر کے مقابلے میں ادارہ صرف 10 فیصد کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ اگلے 3 مہینے دنیا میں کورونا بڑھنے کی پیشگوئی کررہے ، اس کو روکنے کیلئے ہمیں فنڈنگ میں اضافے ، صرف ویکسین کیلئے 100 ارب ڈالر کی ضرورت ہے ۔