لاہور(خصوصی نمائندہ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ویڈیو لنک پر ہوا جس میں صوبائی وزیر قانون بشارت راجہ، ارکان اسمبلی سمیع اللہ خان، ملک ندیم کامران، خلیل طاہر سندھو، سید حسن مرتضیٰ، معاویہ اعظم، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور رائے ممتاز شریک ہوئے ۔ اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں نے سپیکر پنجاب اسمبلی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اتنے کم خرچ میں ہوٹل میں بجٹ اجلاس کرانا نہایت خوش آئند اقدام ہے ۔ اجلاس میں اسمبلی کی نئی بلڈنگ جلد از جلد مکمل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔چودھری پرویزالٰہی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ اسمبلی بلڈنگ میں ایس او پیز کے تحت اجلاس کرانا ممکن نہیں تھا اس لیے متبادل جگہ کا بندوبست کیا گیا۔ ایوان اقبال، پی سی ہوٹل اور فلیٹیز ہوٹل سے کوٹیشن لی گئی۔ ایوان اقبال میں مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث لاگت بہت زیادہ تھی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اجلاس کے آخر میں جتنا بل بنے گا میں مزید اس میں کمی کروانے کی کوشش کروں گا، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے بیٹھنے کیلئے تیسرا ہال ہوٹل والوں سے ہم نے بالکل فری لیا ۔