فیصل آباد (شہناز محمود )سپن جادوگر اوردوسرا کے ماہر سابق قومی کرکٹر سعیداجمل کھانے بنانے کے بھی ماہر نکلے ۔ سابق کرکٹرنے لاک ڈائون کے دوران گھر میں مختلف کھانے بنا کر اہلخانہ کے دل جیت لئے ۔گلبرک کالونی فیصل آباد کے رہائشی سعید اجمل نے بڑی عید کا چٹپٹا مینیو تیار کر لیا ہے ۔ بیوی بچوں کی فرمائش پر عید کے پہلے روز مٹن اچار کڑاہی اور پشاوری شنواری پکائیں گے ۔ دوسرے روز باربی کیو پارٹی چلے گی۔ سعید اجمل یوں تو بھنڈی توری سے لیکر تمام کھانے بنانے کے ماہر ہیں تاہم شنواری کڑاہی بنانے میں ان کا کوئی ثانی نہیں، اس لیے ان کی 14 سالہ بیٹی رامین، 11 سالہ بلال، 8 سالہ حلال اور 4 سالہ حرمین نے شنواری کڑاہی کھانے کی فرمائش کی ہے ۔ کرکٹر کی بیگم کا کہنا ہے کہ سعید اجمل کے ہاتھوں میں بڑا ذائقہ ہے ، ان کے ہاتھ کا بنا کھانا کھا کر بچے بھی انگلیاں چاٹتے رہ جاتے ہیں۔ اس عید قربان پر سعید اجمل نے 3 بیل خریدے ہیں جبکہ مزید 6 بکروں کی خریداری کی جارہی ہے ۔ سعید اجمل کا پیغام ہے کہ عید گھر میں رہ کر سادگی سے منائیں، گوشت سٹور کرنے کے بجائے غریبوں اور مستحقین میں ضرور بانٹیں۔