اسلام آباد ،راولپنڈی (وقائع نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے پاک فوج کشمیر کاز کیساتھ پرعزم کھڑی ہے اور کشمیری عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردارعبدالقیوم نیازی نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال، مقبوضہ وادی میں جاری یکطرفہ بھارتی اقدامات اور ایل او سی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف نے سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا سیدعلی گیلانی نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے زندگی بھر بے لوث جدوجہد جاری رکھی۔ آرمی چیف نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا پاک فوج کشمیر کاز کیساتھ پرعزم کھڑی ہے اور کشمیری عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ آرمی چیف نے سردارعبدالقیوم نیازی کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے آزاد جموں وکشمیر میں سکیورٹی وترقی کیلئے پاک فوج کے کردار کی تعریف بھی کی۔