اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کے خلاف دوسرے دن بھی دوست ممالک کی پارلیمان کے سربراہوں سے ٹیلیفونک رابطے جاری رکھے ۔ سپیکراسدقیصرنے ایران کی مجلس اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر علی لاریجانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیااور بھارت کی جانب سے کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کیا۔سپیکرنے کہا کہ انڈیانے کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے ، کشمیر میں لاکھوں بیگناہوں کو قتل کیا گیا۔ پیلٹ گنز کے ذریعے نوجوانوں کی بینائی چھینی گئی ہے ۔سپیکرنے کہا کہ ایرانی قیادت نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی،توقع ہے ایران عالمی سطح پر بھرپور کردار ادا کرے گا۔ ایران کے سپیکر علی لاریجانی نے کہاکہ پاکستان ایران کا عزیز برادر ملک ہے ، مشکل کی اس گھڑی میں ایران کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا،ایران کشمیر کے معاملے پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے ۔مسئلہ کشمیر کا حل فوجی نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے ۔ ایران اس حوالے سے کسی بھی قسم کامصالحتی کردار اداکرنے کیلئے تیارہے ۔