کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 34ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں بھی39ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،تیزی کے سبب67فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں ۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی فوڈز ،کیمیکل ،پیٹرولیم سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس34138پوائنٹس کی بلد سطح کو چھو گیا تاہم کاروباری کے اختتام تک انڈیکس اس سطح کو برقرار نہ رکھ سکا مگرانڈیکس 34ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر ہی بند ہوا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں194.61پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 33824.51 پوائنٹس سے بڑھ کر 34019.12پوائنٹس پر جا پہنچا۔ تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں39ارب76کروڑ10لاکھ47ہزار393روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔دریں اثنا انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں منگل کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان رہا۔فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں25پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 164.80روپے سے بڑھ کر164.85روپے اور قیمت فروخت164.90روپے سے بڑھ کر165.15روپے ہو گئی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں2روپے کا اضافہ، برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 202روپے سے بڑھ کر205روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں18ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونے کی قیمت1730ڈالر ہو گئی جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں900روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت98ہزار900روپے اور دس گرام سونے کی قیمت772روپے کے اضافے سے 84ہزار791روپے ہو گئی۔