کوئٹہ، اسلام آباد، لاہور (خبر نگار خصوصی ،92 نیوز رپورٹ ، نیوز ایجنسیاں) کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر خودکش دھماکے میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 17 اہلکاروں سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکے میں 4 ایف سی اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے ، 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے مستونگ روڈ پر چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا،واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا اور دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے 4 سے 5 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔بعدازاں شہید ایف سی اہلکاروں کی نماز جنازہ کوئٹہ میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں گورنر بلوچستان سید ظہور آغا ، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اﷲ لانگو ، کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ، آئی جی ایف سی نارتھ یوسف مجوکا نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہدا کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی ،بعدازاں شہدا کو سلامی پیش کی گئی اور سرکاری اعزاز کیساتھ میتوں کو آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیا گیا۔ وزیراعظم نے خودکش حملہ کی مذمت کی اور شہداکے اہلخانہ سے تعزیت کااظہارکرتے ہوئے زخمیوں کی جلد شفایابی کی دعا کی ہے ۔وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کوئٹہ میں ایف سی کی چیک پوسٹ پرکا لعدم تحریک طالبان پاکستان کے خودکش حملے کی شدیدمذمت کرتاہوں۔میری ہمدردیاں شہداکے اہلِخانہ کیساتھ ہیں اورمیں زخمیوں کی شفایابی کیلئے دعاگوہوں۔بیرونی قوتوں کی ایماپربننے والے دہشتگردی کے منصوبے خاک میں ملاکرہمیں محفوظ بنانے والی سکیورٹی فورسز اور انکی قربانیوں کوسلام پیش کرتا ہوں۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں اور مذموم مقاصد کو ناکام بناتے رہیں گے ، ٹی ٹی پی کے بچے کھچے دہشتگردوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا امن وامان کی صورتحال کا خراب ہونا فکرمندی اور پریشانی کا باعث ہے ، اللہ تعالیٰ شہدا کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل دے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان اب نیشنل ایکشن پلان کو سرد خانے میں رکھنے کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا،بلاول بھٹو زرداری نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ و وزیرداخلہ بلوچستان، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، سربراہ جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی سکیورٹی فورسز پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعا کی۔دریں اثناء کوئٹہ خودکش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی حکام کی مدعیت میں درج کر لیا گیا،مقدمے میں دہشتگردی ایکٹ، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔