کوئٹہ(این این آئی) صوبائی دار الحکومت کوئٹہ میں 32دنوں میں 4دھماکے ہوئے ، جوابی کارروائی میں4 دہشتگرد بھی مارے گئے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ ماہ بھی 3 دھماکے ہوئے تھے 26 مارچ کو بلوچستان کے ضلع لورالائی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران لیویز اہلکاروں پر حملے کے ماسٹرمائنڈ سمیت 4 مبینہ دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔اس سے قبل 17 مارچ کو ڈیرہ مراد جمالی میں ریل کی پٹڑی پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جعفرایکسپریس کی بوگیاں ٹریک سے اترگئی تھیں جس کے نتیجے میں ماں بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے تھے ۔11 مارچ کو کوئٹہ کے علاقے میاں غنڈی میں پولیس کے محکمے انسدادِ دہشت گردی کی موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے ۔اب کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوگئے ۔