لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز آج ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے ٹی ٹونٹی کپ سے ہوگا۔ناردرن اور خیبر پختونخوا میں افتتاحی میچ کھیلا جائیگا۔پاکستان میں تقریباََ چھ ماہ بعد ایک بار پھراعلیٰ سطحی کرکٹ شروع ہوگی۔ ٹورنامنٹ دو مرحلوں میں کھیلا جائے گا۔30 ستمبر سے 6اکتوبر تک جاری رہنے والے پہلے مرحلے کے تمام میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے ۔ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 9 سے 18 اکتوبر تک راولپنڈی میں ہوگا۔کورونا وائرس کے پیش نظر شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم تمام میچز پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جائیں گے ۔ ایونٹ میں تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، ایونٹ جیتنے والی ٹیم چمچماتی ٹرافی کے ساتھ ساتھ 50 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہرے گی جبکہ رنرزاپ کو 25 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔گزشتہ روز چھ ٹیموں کے کپتانوں نے ایونٹ کی خوبصورت ٹرافی کی رونمائی کر دی۔ تمام ٹیموں کے کپتانوں نے اس ٹرافی کو جیتنے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے ۔