اسلام آباد، ڈونگی (92نیوزرپورٹ،صباح نیوز) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے نماز جنازہ کے دوران بلااشتعال فائرنگ کردی تاہم نمازی بال بال بچ گئے ۔ لائن آف کنٹرول کے قریب چتر کے مقام پرمقامی شہری کی نمازہ جنازہ ادا کی جا رہی تھی جیسے ہی نماز جنازہ ادا کی گئی بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی۔ لوگ میت اٹھا کر فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہو گئے کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا بھارت کے کسی بھی اقدام سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ ادھر بھارتی فوج کی طرف سے سیزفائرکی مسلسل خلاف ورزیوں پر پاکستان نے ایک بارپھربھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرگورووآہلووالیاکودفترخارجہ طلب کرلیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایل اوسی پر سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی پرپاکستان نے شدیداحتجاج کیا۔بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمادیا گیا۔ترجمان کے مطابق بھارتی افواج نے ایل اوسی کے کھوئی رٹہ سیکٹرمیں گزشتہ روزبلااشتعال فائرنگ کی،بھارتی فوج کی فائرنگ سے 4شہری زخمی ہوئے تھے ،بھارتی فوج ایل او سی پرشہری آبادی کونشانہ بنارہی ہے ۔پاکستان نے بھارت پرزوردیاکہ2003کی جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باوَنڈری پر امن برقرار رکھے ۔