لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال)مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں تمام اقلیتوں پر ظلم ڈھانے والی مودی سرکاری کیلئے بڑا جھٹکا،وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پرلاہور میں’’ انٹرنیشنل سکھ کنونشن‘‘ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ کنونشن میں بھارت، کینیڈا، امریکہ، برطانیہ، فرانس اور دنیا کے دیگر ممالک سے تقریباً 50 سکھ سکالرزشریک ہونگے ۔ دنیا بھر سے پاکستان آنیوالے سکھ سکالرز اور رہنمائوں کو ویزے جاری کر دیئے گئے ہیں،سب کو سٹیٹ گیسٹ کے طور پر ڈیل کیا جائیگا۔گورنر پنجاب چودھری سرور 3روزہ کنونشن کی میزبانی کرینگے جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ بطور معاون کام کریگا۔ غیر ملکی مندوبین ننکانہ صاحب اور سچا سودا کی یاترا کیلئے بھی جائینگے ۔کنونشن کے آخری روز تصاویری نمائش کا اہتمام ہو گا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے چند روز قبل گورنر پنجاب چودھری سرور کو دوران ملاقات ہدایت کی کہ وہ سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں بھارت سمیت دنیا بھر سے ایسے سکھ رہنمائوں وسکالرز کو پاکستان مدعو کریں جن کے قلم سے کی تحریر اور زبان سے ادا الفاظ اثر رکھتے ہیں تاکہ مودی سرکارکا گھنائونا چہرہ مزید بے نقاب کیا جاسکے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت اور ریاستی دہشتگردی سے اقوام عالم کو آگاہی دینے میں مدد ملے جبکہ وزارت مذہبی امور و حج و بین المذاہب ہم آہنگی کے ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین ڈاکٹر عامر احمد، سیکرٹری طارق خان وزیر اور ڈپٹی سیکرٹری شیرائنز محمد عمران گوندل کو گورنر پنجاب کے معاون کے طور پر کام کرنے اور ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنیکا پابندکریں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو باضابطہ طور پر رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ3روزہ انٹرنیشنل سکھ کنونشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔کنونشن کا موضوع’’دور بابا گورو نانک اور عصر حاضر کے تقاضے ‘‘ رکھا گیا ہے ۔انٹرنیشنل کنونشن31اگست سے 2ستمبر2019 تک گورنر ہائوس میں ہو گا اور صدارت گورنر سرور کرینگے ۔بھارت سے 11 ،امریکہ سے ایک، کینیڈا سے 7، فرانس سے ایک سکھ سکالر اور دیگر ممالک سے بھی سکالرز پاکستان آئینگے جن کی مجموعی تعداد 50سے زائد ہے ۔انٹرنیشنل سکھ کنونشن کے ملکی و غیر ملکی مندوبین کوخصوصی طور پر ڈیزائن سووینئرز ، سروپے و دیگر تحائف پیش کئے جائینگے ۔