لاہور(سٹا ف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ زر اورزور کی بنیاد پرملک کو حقیقی قیادت سے محروم رکھنے کا کھیل 73 برس سے جاری ہے ۔سینیٹ کے الیکشن ہورہے ہیں۔ جس کو ایوان بالا کہا جاتا ہے یہ وہی ادارہ ہے جہاں قوم کی تقدیر کے فیصلے ،مشاورت ، جرگہ اور رہنما ئی کا سامان ہوتا ہے لیکن ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ کس طرح سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں نے دولت مندوں کو دولت کی بنیاد پر ریوڑیا ں بیچیں۔حافظ سلمان بٹ ایک ایسے انسان تھے جن کی شخصیت کا ادراک کرنا ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال میں جماعت اسلامی کے رہنما سابق ممبر قومی اسمبلی حافظ سلمان بٹ مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حافظ سلمان بٹ نے لوگوں کے دلوں پر راج کیا۔ ان کے جانے کے بعد سب سے زیادہ اگر کسی فرد کو صدمہ ہوا ہے تو امیر جماعت کو ہوا۔ ایسا لگا کہ میدان کارز ار کا دست و بازوٹوٹ گیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا کہ حافظ سلمان بٹ کی ساری زندگی کے حالات کو جب میں دیکھتا ہوں تو میں کہتا ہوں کامیابی یا ناکامی کوئی چیز نہیں ، ان کی آواز کو کئی دبانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ بند ہونے کی بجائے مزید بڑھتی چلی گئی۔مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ممبر قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ حافظ سلمان بٹ مرد قلندرتھے ۔ان کے ساتھ زندگی کا بہت وقت گزرا میں گواہی دیتاہوں کہ سیاست میں جماعت اور ریلوے کی خوشحالی کے لیے جو رہنمائی انہوں نے دی کوئی اور نہ دے سکا۔ تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر نو منتخب سینیٹر اعجاز چودھری نے کہاکہ حافظ سلمان بٹ بہت بڑے انسان تھے ۔وہ و درویش شخصیت کے مالک تھے ۔تعزیتی ریفرنس میں امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد ، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف ،انجینئر اخلاق احمد ،پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری ،سابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی ، زاہد شاہ سابق صوبائی وزیرکے پی کے ، شمس الرحمن سواتی ، چیئرمین پی ایچ اے انجینئر یاسر گیلانی ، مزدور رہنما خورشید احمد ، تنویر ضیا بٹ ، ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصاری ، حسان بن سلمان ، جبران بن سلمان ، ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ حمزہ محمد صدیقی ، جے آئی یوتھ کے سیکرٹری جنرل شاہد نوید ملک ، شیخ محمد انور بھی موجود تھے ۔