اسلام آباد(لیڈی رپورٹر)چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ایک کروڑ کشمیریوں کے حقوق سلب کئے گئے اس پرکیسے خاموش رہاجاسکتاہے ۔بھارت کشمیر میں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل کا اجرا کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی کر رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک حق خودارادیت جموں وکشمیر اور دیگر کے اشتراک سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں’’ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈومیسائل کا اجرا‘‘ سے متعلق کشمیرکانفرنس سے خطاب میں کیا۔شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان کیخلاف ففتھ جنریشن وار پیک پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کی صرف آواز نہیں، ہاتھ، کان اور ناک بننا ہے ۔آج دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، آزادکشمیر اور پوری دنیا کے کشمیریوں کیلئے دروازے کھلے ہیں، ہر ایک فیصلے میں کشمیری برابر شریک ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ مودی آج نیتن یاہو کے نقش قدم پر چل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری 345 دن سے لاک ڈائون میں ہیں،بہادر کشمیری نہ صرف کورونا بلکہ بھارتی مظالم کا بھی سامنا کررہے ہیں۔مودی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر کے دنیا کو بتا رہا ہے تمہاری کوئی حیثیت نہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کیلئے دنیا کے ہرملک، ہر پارلیمنٹ کے اراکین کے پاس جائیں گے ،ہندوستان کے لوگوں کے پاس بھی جائیں گے ۔آج کئی ممالک بھارت کے ساتھ معاشی فائدہ دیکھ کر خاموش ہیں ۔ ہمیں کشمیریوں کا درد محسوس کرنا ہوگا۔ہم کشمیر کے بارے میں نیا بیانیہ دیں گے ۔