اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر؍ خبر نگار خصوصی؍ این این آئی) تحریک انصاف نے عشرہ رحمت للعالمین ﷺ بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا جبکہ بلدیاتی الیکشن سے قبل تنظیم سازی مکمل کرنے کی حکمت عملی واضح کر لی ، کور کمیٹی کو بلدیاتی الیکشن کی تیاری کی ہدایت کردی۔کور کمیٹی کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت ہوا جس میں پارٹی کی اندرونی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کے ا ندر اختلافات کی خبروں پر بھی غور کیا گیا اور اس صورتحال کے ازالے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے گئے ۔عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اگلا الیکشن ہر صورت میں ووٹنگ مشین سے ہوگا، اوورسیز پاکستانی تیار رہیں، ان کو ووٹ کا حق لے کر دیں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اس سلسلے میں تنظیم سازی کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے اس پر فوری کام کے آغاز کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔اجلاس میں ربیع الاول کو عقیدت و احترام سے منانے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے نیب آرڈیننس میں ترامیم کے حوالے سے بھی کمیٹی کو اعتماد میں لیا۔ انھوں نے انتخابی اصلاحات پر بھی کمیٹی کو اعتماد میں لیا اور اوورسز پاکستانیز کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز جو ہمارا اثاثہ ہیں، ان کو حق دے کر رہیں گے ، اس بارے میں بھی عوام کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے ، اس سلسلے میں بھی پارٹی اپنا کردار ادا کرے ۔ اجلا س کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا تنظیم سازی کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی ، مقامی حکومتوں کے انتخابات بھی قریب آ رہے ہیں اور ضروری ہے کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات سے پہلے پی ٹی آئی کی تنظیم سازی مکمل ہو۔ وفاقی کابینہ نے اپنے گزشتہ اجلاس میں عشرہ رحمت للعالمینﷺ منانے کا فیصلہ کیا تھا، وزیراعظم عمران خان کی خواہش تھی کہ اس حوالے سے تمام تقریبات میں پارٹی شرکت کرے ، اس مقصد کے لئے انہوں نے پوری پارٹی کو اکٹھا کیا اور ہدایت جاری کی کہ تحریک انصاف کی تمام ضلعی تنظیمیں اس حوالے سے تقریبات کا انعقاد کریں۔انہوں نے کہا وزیراعظم اتوار کو سیرت کانفرنس سے خطاب کریں گے اور عشرہ رحمت للعالمین ﷺکا آغاز اور افتتاح کریں گے ، اس خطاب کی تقریب تحریک انصاف کی تمام ضلعی تنظیمیں براہ راست دکھائیں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا نیب آرڈیننس پر جو تنقید کر رہے ہیں ان کی اکثر ترامیم اسی آرڈیننس کا حصہ ہیں،کسی کو اعتراض ہے تو وہ پارلیمنٹ میں لے آئے ، پی ٹی آئی نیب آرڈیننس کے پیچھے کھڑی ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیب اصلاحات ہوں یا انتخابی اصلاحات، اپوزیشن نے اس کی مخالفت کرنی ہے ، اپوزیشن روتے ہوئے بچوں کا اجتماع ہے ، اس کا کام صرف رونا ہے ۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کا دورہ منسوخ ہونے پر پوری دنیا کے کرکٹرز اور لوگوں نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی جس پر ان کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج نیوزی لینڈ بھی پاکستان آنا چاہ رہی ہے اور انگلینڈ نے اپنی سیریز کنفرم کر دی ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے انصاف ڈاکٹرز فورم کے صدر ڈاکٹر مدیر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، پاکستانی ڈاکٹرز کی صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے ۔ڈاکٹر مدیر نے وزیراعظم کو ڈاکٹرز کے انٹری ٹیسٹ ایگزام (ایم ڈی سی اے ٹی) اور نیشنل لائسنسنگ ایگزام (این ایل ای) کے بارے تحفظات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر فیصل سلطان کو ترجیحی بنیادوں پر تحفظات کو دور کرنے کی ہدایت کی۔عمران خان سے وزیر توانائی حماد اظہر بھی ملے ۔