ملتان (خبر نگار) ملتان سمیت پنجاب بھر کی 9کیٹل مارکیٹوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ، ملتان ، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور بہاولپور سمیت دیگر 9شہروں کی کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنیز کو ختم کرکے پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی بنانے کیلئے سمری آج کیبنٹ ڈویژن کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ پنجاب کی سطح پر ایم ڈی اور سی ایف او کے عہدے برقرار رکھے جائیں گے جبکہ ڈویژن کی سطح پر منیجر آپریشن، منیجر فنانس ، منیجر ایڈمن سمیت دیگر عہدے رکھے جائیں گے ۔ جبکہ دوسری طرف حکومت نے ریونیو بڑھانے کیلئے فی جانور ٹیکس عائد کرنے کی بھی سمری منظوری کیلئے کیبنٹ ڈویژن سے لی جائے گی ۔ جس سے ماڈل کیٹل مارکیٹوں میں بھتہ خوری ، کرپشن میں اضافہ ہوگا ۔ پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی ہی پرائیویٹ منڈی مویشیاں کیلئے این او سی جاری کرے گی جس سے حکومتی ریونیو میں کمی ہوگی۔ لاہور کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے نئے ایم ڈی ڈاکٹر احتشام کو لگائے کا امکان ہے ، واضح رہے کہ ڈاکٹر احتشام کے خلاف کرپشن اور ناجائز اثاثہ جات میں متعدد کیس اینٹی کرپشن اور نیب میں جاری ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ تمام ڈویژن کو ماڈل منڈی مویشیاں کے قیام کیلئے علیحدہ علیحدہ مسائل کا سامنا ہے ، پنجاب لیول کی کیٹل مارکیٹ کے قیام سے کیٹل مارکیٹوں میں کا م کرنیوالے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔