لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے مائنس ون میری نظر میں ناممکن بات ہوتی ہے کیونکہ پارٹی کے روح رواں کو پارٹی سے نکال کر حکومت نہیں کی جاسکتی لیکن عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے مائنس ون کی خود بات کی،مائنس پی ٹی آئی کا مقصد یہ ہے کہ حکومت نہیں چل سکتی، ما ئنس ون ملک کو مزید نقصان پہنچائے گا۔پروگرام ہوکیارہاہے میں میزبان فیصل عباسی سے گفتگو میں انہوں نے کہاشخص نہیں نظام کو چلنا چاہئے ، یہ سلیکٹڈ تھے یا نہیں لیکن یہ ناکام ہوچکے ، اب نہیں کوئی سہارا نہیں دیگا، اس سے پہلے کہ ملک میں انارکی آجائے یا انتشار پھیلے سیاسی حل ڈھونڈا جائے ، اسی لئے اے پی سی ہورہی ہے ،میرا خیا ل ہے کہ اگلے ہفتے میں ہوجائے گی، پائلٹوں کے لا ئسنس کا مسئلہ بہت پیچیدہ ہوگیا،حکومت نے الزام لگانے سے پہلے ہی سزا دے دی، اب دنیا میں کوئی بھی پاکستانی پائلٹ کا لائسنس ماننے کیلئے تیار نہیں، شہبازشریف صحت یاب ہوکر سیاسی معاملات میں حصہ لیں گے ، ہم کسی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کرینگے ،وزیراعظم بتادیں کونسا وزیرکرپٹ نہیں، میں اس کے خلاف ثبوت دوں گا،اگر حکومت نے روزویلٹ کی نجکاری کوموخرکردیا تو یہ اس کی پہلی عقلمندی ہوگی، ن لیگ کے لوگ ٹوٹ نہیں رہے ،یہ ضمیر فروش لوگ ہیں ان میں اگر ہمت ہے تو سیٹ چھوڑیں الیکشن لڑیں اورجیت کر آجائیں ۔ تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا روزویلٹ ہوٹل میں بہت بڑا ہاتھ مارنے کی کوشش کی جارہی ہے ، مشیر خزانہ پہلے معیشت کو تو ٹھیک کرلیں ،نجکار ی کے چکر میں کیوں پڑ گئے ہیں، بھارت سے کوئی بھی ہمسایہ مطمئن نہیں، اب وہ کشمیر کو سکم یا بھوٹان بنانا چاہتے ہیں، کشمیر کے حوالے سے پاکستان چار جنگیں لڑ چکا ہے ،میرا نہیں خیا ل اب جنگ آپشن ہے ، معاملے کو سفارتی طریقے سے ہی حل کیاجائے گا، پی ٹی آئی کا گراف اوپر نہیں جارہا۔