کابل، اسلا م آ با د (این این آئی،خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شادی کی تقریب میں دھماکے سے ہلا کتوں کی تعداد 63 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 182 زخمی ہو ئے ہیں ۔پاکستان نے کابل میں خو د کش دھما کے شدید مذ مت کی ہے ۔صوبہ بلخ میں سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ پھٹنے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افغان شہری ہلاک ہوگئے ۔رپورٹ کے مطابق دھما کہ ہفتے کی رات کو مغربی کابل کے شادی ہال میں جاری ایک شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک خودکش بمبار نے شادی کی تقریب میں خود کو دھما کہ خیز مواد سے اڑادیا طالبان نے حملے میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کی تردید کردی جبکہ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے ۔ ادھر پاکستان نے شادی کی ایک تقریب کے دوران عام شہریوں کو نشانہ بنانے والے د ہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان د ہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت کرتا ہے ،د ہشت گردی پورے خطے کیلئے مشترکہ خطرہ ہے اور اس کو مل کر شکست دینا ہوگی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جانوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں ۔ امریکہ کے افغانستان میں خصو صی نما ئندے زلمے خلیل زاد نے بھی کابل میں خو د کش دھما کے کی ذمہ داری قبول کرنے پر داعش کی شدید مذ مت کی ہے ۔ادھر افغان شمالی صوبہ بلخ میں سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ پھٹنے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افغان شہری ہلاک ہوگئے ۔افغان ذرائع ابلاغ نے صوبہ بلخ کے ضلع دولت آباد کے گورنر محمد یوسف کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتوار کی صبح شمالی صوبہ بلخ کے ضلع دولت آباد کے گا ئو ں باربر میں سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ کی زد میں آکر شہریوں کو لے جانے والی ایک گاڑی دھماکہ سے تباہ ہوگئی جس میں سوار 12 افغان شہری جاں بحق ہوگئے ۔ گورنر کے مطابق جاں بحق افراد میں دو بچے اور سات خواتین بھی شامل ہیں۔ ادھر پاکستان نے کابل دھماکے میں پاکستانی شہری کے ملوث ہونے کے پروپیگنڈے کومستردکردیا،ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان ان تمام بے بنیادالزامات کو مسترد کرتاہے ،پاکستان ہرقسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتاہے ۔