لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی ملازمین نے ہڑتال کا دائرہ کار وسیع کرنے کا اعلان کر دیا۔فیصل چوک کے ساتھ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے باہر بھی احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔پیر کو بلائے جانے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسمبلی کے باہر مکمل لاک ڈاؤن کریں گے ۔حکومت ہمارے مطالبات مانے اور ملازمین کو مستقل کرنے کے ساتھ ساتھ سروس سٹرکچر اور تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے ۔گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اراضی ریکارڈ سنٹرز کے چیف کوآرڈینٹر عمر ضیا ء نے کہا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین بھرپور کام کرتے ہیں سخت محنت اور بہترین سروسز کی بدولت پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے ایک سال کے دوران 17ارب روپے اکٹھے کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے ۔جنوری2017میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی قائم کی گئی مگر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا مگر افسران کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔اس سے قبل بھی احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور تھارٹی حکام اور وزیر مال کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی کہ تمام مطالبات پورے کیے جائیں گے مگر حکومت نے وعدے پورے نہیں کیے اور اب مطالبات منوانے تک احتجاج ختم نہیں کریں گے ۔