کراچی ( کامرس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے کاروبار میں آسانی کے لیے ضوابط منظوری کا نظام نافذ کردیا۔بینک دولت پاکستان نے ایکسچینج پالیسی ڈپارٹمنٹ (EPD) ، ایس بی پی اور فارن ایکسچینج آپریشنز ڈپارٹمنٹ (FEOD) ، ایس بی پی بی ایس سی کے بالترتیب زر مبادلہ پالیسی اور آپریشنز سے متعلق کیسوں کو جمع کروانے کے لیے ضوابطی منظوری کا نظام یا آر اے ایس نافذ کیا ہے ۔ آر اے ایس، جو 24 مارچ 2020ء سے آپریشنل ہوچکا ہے ، بینکوں کو کیس جمع کروانے اور ضوابطی فیصلے وصول کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک ایس بی پی بی ایس سی سے رابطے کا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے ۔ اس نظام کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا ہے اور اس کی ایک اہم خاصیت یہ ہے کہ یہ کاروباری صارفین کو بینکوں کے ذریعے آنے والی ان کی درخواست کے بارے میں اس دن سے اپ ڈیٹ رکھتا ہے جب وہ اسٹیٹ بینک کو موصول ہوئی تھی۔ کیس جمع کروانے کے بعد اس کی تکمیل تک صارفین بینک کے فراہم کردہ ای میل ایڈریس پر سسٹم سے جنریٹ ہونے والی ای میل کے ذریعے اپ ڈیٹ کی ای میل موصول کریں گے ۔ صارفین خود بھی کسی بھی وقت اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر اپنے کیسز کی اپ ڈیٹڈ صورت حال جان سکیں گے ۔ اسٹیٹ بینک کا ضوابطی منظوری کا نظام استعمال کرتے ہوئے بینک فارن ایکسچینج آپریشنز سے متعلق کیسز فارن ایکسچینج آپریشنز ڈپارٹمنٹ (ایف ای او ڈی) کو الیکٹرانک طریقے سے جمع کرواسکیں گے ۔