لاہور(اپنے رپورٹر سے )میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کی زیرصدارت ٹاؤن ہال میں بلدیاتی نظام کو درپیش مسائل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا،جس میں ڈپٹی میئر سمن آباد زون میاں محمد طارق، ڈپٹی میئرشالامار زون چوہدری بلال، ڈپٹی میئر عزیز بھٹی زون حاجی اﷲ رکھا، ڈپٹی میئر واہگہ زون مشتاق مغل اور ڈپٹی میئر داتا گنج بخش زون نذیر احمد خان سواتی نے شرکت کی۔ میئر لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز کے استعمال پر پابندی کی وجہ سے شہر میں ترقیاتی سکیمیں، صفائی ستھرائی اور سٹریٹ لائٹس کا نظام بری طرح متاثر ہورہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے ۔ ڈپٹی میئرز نے بھی اپنے زونز میں درپیش مشکلات کے متعلق میئر لاہور کو بتایا۔اس موقع پر لارڈ میئر نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے کارپوریشن افسران سے باز پرس کر نے پر تحفظات کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔