لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صدر مسلم لیگ (ن) و قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو ہتھکڑیاں لگاکر عدالت میں پیش کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے سیاسی کارکنان کے ساتھ دہشتگردوں اور خطرناک مجرموں جیسا سلوک افسوسناک، حکمرانوں کی فسطائی اور انتقامی سوچ کا ثبوت ہے ،حکومت سیاست کو ذاتی انتقام میں بدل رہی ہے جو افسوسناک ہے ،لیگی کارکنان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،کارکنوں کے بلند حوصلوں، عزم اور ہمت پر فخر ہے ، سب کو سلام پیش کرتا ہوں، مسلم لیگ (ن)کے جواں ہمتوں نے عوام دشمن حکومت کو خوفزدہ کردیا ،انشااللہ جلد ناحق گرفتار کارکنان رہا ہوں گے ، وکلاء ان کے قانونی حق کے لئے کوشاں ہیں۔ شہبازشریف نے سابق صدر مملکت رفیق تارڑ کی رہائشگاہ پر جا کر ان کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہایونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ملک حسین مبشر کی وفات پر بہت دکھ ہوا ،اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے ۔ آمین۔نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے اپنی نیب پیشی کے موقع پرزخمی ہونے والے پارٹی کے مرکزی رہنما کرنل (ر) مبشر جاوید کو ٹیلیفون کرکے خیریت دریافت کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا تمام رہنماؤں اور کارکنوں کے حوصلے کو سلام پیش کرتی ہوں۔لیگی کارکن امن ،حق اور سچ کی آواز ہیں،نوازشریف کی بلٹ پروف گاڑی پر نیب میں پیشی کیلئے گئی،اسے بہت نقصان پہنچا ہے ، بلٹ پروف گاڑی کو ہر طرف سے پتھروں اوراینٹوں سے حملہ کرکے نشانہ بنایاگیا۔