اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،نیوز ایجنسیاں) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ٹویٹر پر لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم جماعتوں سے وابستہ وزرا کابینہ میں اور جمہوری کارکن زیرحراست ہیں؟ ۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ کیا حکومت نے کالعدم جماعتوں سے وابستہ افراد وفاقی کابینہ میں ہیں جبکہ پی پی کے پرامن، جمہوری سیاسی کارکن زیرحراست ہیں ۔ ٹوئٹر پر بلاول بھٹو زرداری نے پتلی تماشے کے عالمی دن کو وزیراعظم عمران خان پر تنقید کیلئے استعمال کیا۔انہوں نے اپنی ٹویٹ میں پتلی تماشے کے عالمی دن کا حوالہ دیا اور ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان کو انکے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مبارکباد دیتے ہوئے ٹیگ کردیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے سابق بریگیڈ یئر اسد منیر کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بی بی آصفہ بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر نے مبینہ طور پرنیب کے توہین آمیز سلوک سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کی تھی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے غمزدہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اسد منیر کے لواحقین نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا جس کی وجہ سے اسد منیر نے اقدام خودکشی کیا تھا۔ بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر میں نوروز منانے والوں کیلئے محبت و نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی پارسی کمیونٹی کو نوروز کی مبارک دی ۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پارسی کمیونٹی پاکستان کی ترقی، خوشحالی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگے ۔ پی پی پی چیئرمین نے گلگت بلتستان و ملک کے دیگر علاقوں میں نوروز منانے والوں کیلئے بھی مبارکباد کا پیغام بھیجا ۔ ایک اور بیان میںبلاول نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے ہندو بہنوں و بھائیوں کی خوشی میں برابر کی شریک ہے ۔