لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے نمائشی منصوبے نہیں بلکہ عوام کی حقیقی خوشحالی کیلئے پروگرام شروع کیے ہیں، عوام کی بنیادی ضرورتوں کو ماضی میں نظرانداز کیا گیا لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے سماجی شعبوں کی پائیدار ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے ۔وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت اداروں کو مضبوط اور با اختیار بنائیں گے ،تحریک انصاف کی حکومت فلاح عامہ کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ، تمام تر توانائیاں صوبے کے عوام کو سہولتیں مہیا کرنے کیلئے صرف ہو رہی ہیں۔ صوبے کے عوام کی ترقی کیلئے ٹھوس بنیاد رکھ دی گئی ہے ،تعلیم اور صحت کی معیاری و جدید سہولتیں ہر شہری کا بنیادی حق ہے ، عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں،شہریوں کو سہولتیں دینا ہماری ذمہ داری ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بدلے گا، عوام کو ریلیف دینے کیلئے محکموں میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، ہم کام کرنے آئے ہیں اور کام کرکے دکھائیں گے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ آفس میں وزیر لٹریسی راجہ راشد حفیظ ،ارکان پنجاب اسمبلی سردار احمد علی دریشک،سردار محی الدین کھوسہ اوردیگر نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پرمختلف شہروں سے آنے والے لوگوں کے مسائل سنے ، شہریوں سے درخواستیں لے کرموقع پر کارروائی کے احکامات جاری کیے ۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا عوام کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں ،رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے ،شہریوں نے وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہامسائل سن کر موقع پرکارروائی کے احکامات جاری کرنا خوش آئند ہے ،دوردراز علاقوں سے اپنے مسائل کے حل کیلئے ایوان وزیراعلیٰ میں آنے والے شہریوں کو کھانابھی پیش کیا گیا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج میانوالی کا دورہ کریں گے ۔ وزیراعلیٰ امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مقامی صحافی سلیم کامران کے والد اور سینئر صحافی و مصنف پروفیسر احمد نسیم سندیلوی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔