اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،خبر نگار) کامیاب ارکا ن کی طرف سے اضافی سیٹیں چھوڑ نے کے بعد الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی8 اور صوبائی اسمبلیوں کی 9نشستیں خالی ہو نے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کی 4، پرویز الٰہی نے ، غلام سرور خان نے ایک نشست ، شہباز شریف،پرویز خٹک نے صوبائی اسمبلی کی 2،2 ، علی امین خان گنڈا پور نے ، پیر سید فضل علی شاہ جیلانی نے ،امیر حیدر ہوتی ، اسد قیصر ، امجدعلی کی ایک ایک جبکہ شازیہ مری نے مخصوص نشست چھوڑدی ہے ۔ مخدوم ہاشم جوان بخت نے ابھی تک پنجاب اسمبلی کی 2 نشستوں میں سے کوئی بھی نہیں چھوڑی۔ دریںاثناء الیکشن کمیشن نے بی اے پی میں آزاد ارکان کی شمولیت کے معاملے پر سماعت 15اگست تک ملتوی کر دی۔ الیکشن کمیشن نے این اے 144 جھنگ میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر کامیاب امیدوار مخدوم محبوب سلطان کو نوٹس جاری کرکے سماعت3ستمب،این اے 198 شکار پور میں کاغذات نامزدگی میں معلومات چھپانے کے کیس میں عابد حسن بھایو کو نوٹس جاری کرکے سماعت4ستمبر تک ملتوی کردی ہے ۔ادھرسپریم کورٹ نے این اے 215 سانگھڑ ،پی ایس 21سانگھڑ اور پی ایس 48 میر پور خاص میں دوبارہ گنتی کے فیصلے معطل کرتے ہوئے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشنزجاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے متاثرہ فریق کو دادرسی کیلئے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ۔نامہ نگار خصوصی کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پی پی 84 خوشاب سے ن لیگ کے کامیاب امیدوار کی نااہلی کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پاکستان اورایم پی اے وارث شاد سے جواب طلب کر لیا ہے ۔