لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام عوام دوست حکومت کا ایک اور زبردست فلاحی اقدام ہے ۔حکومت کا یہ پروگرام ریاست مدینہ کے اصولوں کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی جانب بڑی پیشرفت ہے ۔کامیاب نوجوان پروگرام بے روزگار نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کا بے مثال معاشی پروگرام ہے اور اس پروگرام پر عملدرآمد سے لاکھوں گھرانوں کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار اپنے کیمپ آفس میں پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے لئے خوشحالی کی نوید ہے ۔حکومت کے دیگر پروگراموں کی طرح حکومت کا یہ پروگرام بھی میرٹ اور شفافیت کی اعلیٰ مثال ہوگا۔