اسلام آباد،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستان اور چین ہر معاملے میں ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں، مستقبل کے چیلنجز کا مل کر سامنا کریں گے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی وزیر دفاع جنرل وی فینگ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ،ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سکیورٹی اور باہمی دفاعی تعاون بڑھانے سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر دونوں افواج کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ، ا ٓرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج چین کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے ، ہر معاملے میں پاکستان کی غیرمشروط حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں، مستقبل کے چیلنجز کے باوجود ہمارے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، ہم ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں ،معزز مہمان نے علاقائی امن استحکام کے قیام میں، پاک فوج کے پرخلوص کردار کو سراہا۔چینی وزیر نے سی پیک منصوبوں کیلئے محفوظ ماحول کی فراہمی پر بھی پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر دفاع نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر حاضر ی دی ، پھول چڑھائے ، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔