کراچی(کامرس رپورٹر)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹیکسٹائل و اسپننگ ملز کی روئی کی خریداری جاری رہی جبکہ جنرز بھی اپنا اسٹاک فروخت کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں کیوں کہ حکومت نے 15 جنوری سے روئی کی درآمدی ڈیوٹی ختم کردی ہے جس کے باعث بیرون ممالک سے روئی کی آمد میں اضافہ ہوجائے گا پہلے تو DTRE کی سہولت حاصل کرنے والی ملیں روئی درآمد کررہی تھیں 15 جنوری سے جن ملوں نے درآمدی معاہدے کئے ہوئے ہیں ان ملوں کی درآمدی روئی آنا شروع ہوچکی ہے گو کہ 15 جنوری سے درآمدی ڈیوٹی ختم ہوچکی ہے لیکن اس کے متعلق SRO جنوری کی 18 تاریخ تک جاری نہیں کیا گیا تھا درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ فی الحال بیرون ممالک سے روئی کی تقریبا 42 لاکھ گانٹھوں کے درآمدی معاہدے کرلئے ہیں جبکہ روزانہ نئے معاہدے ہورہے ہیں گو کہ نیویارک کاٹن کے بھاؤ میں اضافہ ہونے کی وجہ سے بیرون ممالک میں روئی کے درآمدی معاہدے کم ہورہے ہیں۔ جس کی وجہ سے ٹیکسٹائل ملز مقامی کاٹن خریدنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔مقامی کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں مجموعی طورپر استحکام رہا۔ صوبہ سندھ میں روئی کا بھاؤ فی من 7500 تا 9300 روپے پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 3200 تا 4400 روپے صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 7800 تا 9300 روپے پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 3200 تا 4700 روپے رہا۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ فی من 9000 روپے کے بھاؤ پر مستحکم رکھا۔