کراچی( کامرس رپورٹر ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے قائم مقام صدر فراز الرحمن اور نائب صدر ماہین سلمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ وفاقی حکومت منی بجٹ میں صنعتی اور برآمداتی شعبے کو ریلیف دینے کے لیے موثر اقدامات کا اعلان کرے گی۔ فراز الرحمن کا کہنا تھا کہ توانائی کے مسائل حل کرنے کیساتھ ساتھ حکومت کو منی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے لیے قومی بجٹ کی تیاری میں یہ نکتہ بھی پیش نظر رکھنا چاہیے کہ اس وقت صنعتیں بڑی مقدار میں خام مال بھی درآمد کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی پیدواری لاگت کم کرنے کے لیے صنعتی خام مال کی کم نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے بھی پالیسی سازی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی انفرااسٹرکچر کی بہتری سے بھی کاروباری لاگت کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے برآمدات اور صنعتی شعبے سے متعلق ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو لائق تحسین قرار دیا۔قائم مقام صدر فراز الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے لیے بالخصوص کراچی میں قائم صنعتوں کو درپیش انفرااسٹرکچر کی بہتری اور بحالی کے لیے خصوصی پیکج کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتی علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت جامع حکمت عملی ترتیب دے ۔