اسلام آباد (وقائع نگار) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے ، ہم افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، غیر وابستہ تحریک کے اجلاس میں بھی یقین دلایا کہ پاکستان کورونا وباء کے تناظر میں اپنے افغان بھائیوں سے وہی سلوک کرے گا جیسا وہ اپنے شہریوں سے برتائو کرے گا، افغانستان میں امن سے مہاجرین اپنے گھروں کو واپس لوٹیں گے ، عید کے اجتماعات کے دوران بھی ہمیں ذمہ دار قوم ہونے کا ثبوت دینا ہے اور کورونا سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے ۔ افغان مہاجرین میں راشن بیگز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں صدرمملکت نے کہا کہ100سال سے جو قومیں ہمیں انسانیت اور حقوق العباد کی نصیحتیں کر رہی تھیں وہ قومیں مہاجرین کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا تو ہمیں امن کی اہمیت کا احساس ہوا، افغانستان کی نوجوان نسل کو امن کے ثمرات کا ابھی اندازہ نہیں، جلد افغانستان میں امن آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی نہیں جانتا کورونا وبا کب ختم ہو گی، صرف احتیاطی تدابیر کے ذریعے ہی اس سے بچا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کی نماز گھرمیں بھی ادا کی جا سکتی ہے جبکہ عید اجتماعات کے دوران ا حتیاطی ایس او پیز پر عمل کرنا چاہئے ۔ اس موقع پر خاتون اول بیگم ثمینہ علوی، وفاقی وزیر سیفران صاحبزادہ محبوب سلطان، منیجنگ ڈائریکٹر بیت المال عون عباس بپی، ترک اور افغان سفیر بھی موجود تھے ۔