لاہور( خصوصی رپورٹ) بریسٹ کینسر آگاہی کے سلسلہ میں شوکت خانم ہسپتال کی جانب سے ایوا ن صدر اور اہم قومی عمارات کو گلابی روشنیوں سے سجایا جائے گا ، اکتوبر کا مہینہ دنیا بھر میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے مہینے کے طور پر منایا جاتا ہے ، اس سلسلے میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کی جانب سے سا لانہ بریسٹ کینسر آگاہی مہم کا آغازیکم اکتوبر سے کیا جائے گاجس کا آغاز ایوان صدر، پارلیمنٹ ہائوس وزیر اعظم سیکرٹریٹ اور کیبنٹ ڈویژن کوگلابی روشنیوں سے سجانے سے ہو گا،یہ تمام عمارتیں تین دن تک گلابی رنگ کی روشنیوں سے سجی رہیں گی تاکہ عوام تک اس عمل کے ذریعے بریسٹ کینسر جیسی موذی بیماری کے بارے میں آگاہی کا پیغام پہنچ سکے ، 3 اکتوبر کو اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں آگاہی واک اور9تاریخ کو مینار پاکستان کو گلابی روشنیوں سے سجایا جائے گا، اسی سلسلے میں اکتوبر کی 27 تاریخ کو ہسپتال میں ایک تقریب منعقد کی جائے گی جس میں خاتون اول مس ثمینہ علوی خصوصی طور پر شرکت کریں گی ۔ اس مہم کے دوران ملک کے تما م بڑے شہروں بشمول لاہور، کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی ، پشاور، گجرات، جہلم، سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد، ملتان ، بہاولپوراور حیدر آباد کے کالجوں اور یونیورسٹیوں کی طالبات اور سرکاری و نجی کارپوریٹ اداروں کی خواتین کیلئے ہسپتال کے سینئراونکالوجسٹس کی زیر نگرانی خصوصی آن لا ئن سیشنز کا انعقاد کیاجائے گا ، پاکستان میں تقریباًہر 9میں سے ایک خاتون اس مرض کا شکار ہو سکتی ہے ، پاکستان میں ہرسال 40 ہزار خواتین اس مرض کا شکار ہوتی ہیں۔