اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے پاکستان کبھی اس سے غافل نہیں ہو سکتا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے ۔ گزشتہ روزسپیکرنے صدرآزادکشمیرسردارمسعودخان سے گفتگو میں کہا کہ پلوامہ حملہ مقبوضہ وادیمیں بھارت کی جارحیت پر مبنی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، سپیکر نے کہا کہ پاکستان کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو علاقائی اور عالمی سطح پر اُجاگر کرتا رہا ہے اور کرتارہے گا،سپیکر نے حُریت رہنمائوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خوف و ہراس پھیلا کر مودی سرکار عوام کی توجہ انتخابات سے ہٹانا چاہتی ہے تاہم پاکستان بھارت کو اپنے مذموم ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دے گا۔سپیکرنے عالمی برادری پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور قتلِ عام کا نوٹس لینے پر زوردیئے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اور حکومت ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت اور آزادی کی حمایت جاری رکھے گی، صدرآزادکشمیر نے کہا کہ کشمیری عوام کی منزل پاکستان ہے اور پاکستان ہی رہے گی۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کو فوری بندکیا جائے ۔سردار مسعود خان نے اسد قیصر کو سپیکر کامنصب سنبھالنے پر مبارکباددی۔