لاہور(اپنے رپورٹر سے ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی ہدایت پر ایل ڈی اے نے شہر میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کے لئے قوانین میں ترمیم کا مسودہ تیار کر کے شہریوں کی رائے معلوم کرنے کی خاطر اپنی ویب سائٹ اور فیس بک پیج پر اپلوڈ کردیا ہے ۔ اس مقصد کیلئے ایل ڈی اے کی ویب سائٹ پرایک سوال نامہ بھی اپ لوڈ کیا گیا ہے ۔ ایل ڈی اے نے ماہرین کی پیشہ ورانہ آرا سے استفادہ کرنے کے لئے انجینئرنگ یونیورسٹی‘ نیشنل کالج آف آرٹس اور دیگر مقامات پر سیمینار بھی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔قبل ازیں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے ہدایت کی ہے کہ کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کے لئے تعمیر اتی قواعد میں ترمیم کے لیے زمینی حقائق اور مقامی ضروریات کو پیش نظر رکھا جائے اور اس مقصد کے لئے جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک سنگاپور‘ ہانگ کانگ اور بھارت وغیرہ کے تعمیراتی قواعد کا بھی مطالعہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات پورا کرنے اورخوراک اور زرعی اجناس کی فراہمی کے لئے قیمتی اراضی کو زرعی مقاصد کی خاطر بچانے کے سلسلے میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کو فروغ دینا وقت کا اہم تقاضا ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ قواعد کے اس مسودے کے بارے میں شہریوں اور متعلقہ افراد کی آرا معلوم کرنے کے لئے سیمینارز اور میڈیا ٹاک شوز کا اہتمام کیاجائے گا۔