کراچی (سٹاف رپورٹر ) ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے کراچی کے علاقے تین ہٹی پل کے نیچے گزشتہ رات گئے پُراسرار طور پر لگنے والی آگ کی ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی ہے ۔جس کے مطابق ہندو آبادی کی جھگیوں میں آگ عبادت کیلئے جلائے گئے چراغ سے لگی، آتشزدگی سے مجوعی طورپر 180 جھگیاں جل گئیں جبکہ200سے زائد افرادمتاثرہوئے ۔ انتظامیہ کے مطابق پھول فروش برجو کے مطابق اس کی بہن نے چراغ جلاکر پیٹی پر رکھا تھا، جس سے شعلہ لپکا اورجھگی کو آگ لگ گئی جو ہوا کے سبب تیزی سے پھیل گئی۔مزید تحقیقات جاری ہے ، دوسری جانب مخیر حضرات نے متاثرین کی مدد کیلئے بستی کا رخ کیا، مال غنیمت بٹورنے والے موقع پرست بھی بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پرپہنچ گئے ،اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق ان کے سامنے درجنوں افراد میں سامان تقسیم کیا گیا مگر جھگیوں والے کہتے ہیں انہیں ابھی تک کھانے کے سوا کچھ نہیں ملا، ادھر ڈی جی رینجرز سندھ کی ہدایت پر رینجرز نے مخیر حضرات کے تعاون سے متاثر ہ فیملیز میں ٹینٹ، فوڈ پیکٹ، بستر، کمبل، گرم کپڑے اور جوتے تقسیم کئے ۔