لاہور،اسلام آباد ،سری نگر،مظفرآباد(نامہ نگار ، وقائع نگار،ایجنسیاں)کشمیر پربھارتی قبضے کے خلاف آج پاکستان سمیت دنیابھر میں یوم سیاہ منایا جائیگا جبکہ مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہوگی۔تفصیل کے مطابق کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام آج یوم سیاہ منائیں گے ۔ اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا مقصدعالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ اپنے مادرِ وطن پر غیر قانونی اور غاصبانہ بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ یومِ سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس ، حریت فورم اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے دی ہے ۔اس دن کی مناسبت سے بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی۔بھارت نے 27اکتوبر1947کو برصغیر کے تقسیم کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جموں و کشمیر میں اپنی فوج اتار کر اس پر ناجائز قبضہ کیا تھا۔ادھر پاکستان بھر میں سرکاری طور پر یوم سیاہ منایا جائے گا۔آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں یوم سیاہ منانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان سرگرمیوں میں تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ و دیگر سینئر وزراء شرکت کریں گے ۔ تمام صوبوں کے ڈویثرنل ہیڈ کواٹرز اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز پر اسی قسم کی تقاریب منعقد کی جارئینگی ۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر ماس موومنٹ ، جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ ، جموں وکشمیر مسلم کانفرنس ،تحریک استقلال،جموں و کشمیر پیپلز لیگ اور جموں و کشمیر ینگ مینز لیگ سمیت حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاہے ۔دریں اثنا کشمیر میڈیاسروس نے 27 اکتوبر کے سلسلے میں ایک تجزیاتی رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہاگیا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی مقبوضہ علاقے میں آمد کے ساتھ ہی کشمیریوں کے مصائب میں کئی گنا اضافہ ہواہے ۔ادھر تنازع کشمیر کے حوالے سے بین الاقوامی مباحثہ آج اسلام آبادمیں شروع ہوگا۔ پاکستان اور دنیا بھر سے 29 نوجوان مقررین تنازع کشمیر کے حوالے سے مقابلے میں حصہ لیں گے ۔علاوہ ازیں لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے کشمیر یوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر لاہور میں چلنے والی تمام اربن بسوں سمیت ویگنوں و دیگر ٹرانسپورٹ پر یوم سیاہ کے حوالے سے بینرز اور پوسٹرز آویزاں کر دیئے ہیں ۔برطانیہ میں ہاؤس آف لارڈکے تاحیات رکن لارڈنذیراحمدنے بھی کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ 27اکتوبرکوبھارتی فورسزنے کشمیرپرغیرقانونی قبضہ کیا،عالمی برادری بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ کشمیرمیں جاری مظالم کانوٹس لے ۔قبل ازیں وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدرنے کشمیریوں کے یوم سیاہ پراپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کویقین دلاتاہوں جب تک آپ پرمسلط قابض فورسزکاقبضہ ختم نہیں ہوجاتا ہماری جدوجہدجاری رہے گی۔حریت رہنما یسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ویڈیوپیغام میں کہاکہ آج کادن مقبوضہ کشمیرکی تاریخ کاسیاہ ترین دن ہے ۔