کراچی ( سٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے امریکہ میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظرڈاکٹر عافیہ صدیقی کی پاکستان واپسی اور اس تک رسائی سے متعلق انکی بہن فوزیہ صدیقی کی درخواست پر وفاقی حکومت،وزارت داخلہ، منسٹری آف ہیومن رائٹس و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے اور 16 اپریل تک جواب طلب کر لیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ جو قیدی بیرون ممالک قید ہیں ،موجودہ حالات میں حکومت کی انکی واپسی سے متعلق کیا پالیسی ہے ، اس بارے میں آگاہ کیا جائے ۔گزشتہ روز درخواست گزار فوزیہ صدیقی اور انکے وکیل عرفان عزیز عدالت میں پیش ہوئے ۔دوران سماعت فوزیہ صدیقی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ امریکہ میں کورونا بڑھ گیا ہے اسلئے وہاں قیدبہن کوواپس لایا جائے ۔کورونا کے باعث فرانس،بھارت،ایران نے بھی امریکہ سے اپنے قیدی واپس لے لئے ہیں۔ جو قیدی قتل کے الزام میں گرفتار نہیں امریکہ ان قیدیوں کو واپس کر رہا ہے ۔عافیہ صدیقی سیاسی قیدی ہیں انکو بھی حکومت پاکستان واپس لائے ۔