کراچی ( صباح نیوز )امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ کی علیل والدہ عصمت صدیقی وزیراعظم عمران خان سے گفتگو اور ملاقات کرنے کی متمنی ہیں۔عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی کی علالت شدت اختیار کرتی جارہی ہے ۔ وہ حالت علالت میں جرم بیگناہی کی پاداش میں امریکی جیل میں قید اپنی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو بار بار یاد کررہی ہیں۔ انہوں نے بستر علالت سے وزیراعظم عمران خان کو خط بھی ارسال کیا ہے جس میں ان سے فوری طور پر گفتگو کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور وہ وزیراعظم سے ملاقات کی متمنی بھی ہیں۔ انہوں نے خط میں عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ ضرور پورا کریں گے ۔عافیہ موومنٹ نے پوری قوم سے اپیل ہے کہ عصمت صدیقی کی صحتیابی اور ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی اور وطن واپسی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔