اسلام آباد،کراچی (92 نیوزرپورٹ، نمائندہ92نیوز)پاکستان کے نامور سائنسدان پروفیسر عطا الرحمن کو چین کے اعلیٰ ترین سائنسی ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمٰن کو ’’چین بین الاقوامی سائنس وتکنیکی تعاون ایوارڈ‘‘سے نوازا گیا۔ چینی صدر نے ڈاکٹر عطا الرحمٰن کو ایوارڈ سے نوازا۔ یہ ایوارڈ چین سے متعدد شعبوں میں مربوط تعاون کے اعتراف میں عطاکیاگیا۔ ڈاکٹر عطا الرحمٰن کو حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز، ہلال امتیاز اور نشان امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے ۔بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسرعطا الرحمن پہلے مسلم سائنسدان ہیں جنہیں یہ ایوارڈ دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ چین اور ملائیشیا میں ڈاکٹر عطا الرحمن کے نام سے متعدد تحقیقی ادارے قائم کئے جا چکے ہیں۔