اسلام آباد (این این آئی)ٹیکس ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانیوں نے 10 کھرب روپے کے اثاثے قانونی بنا لیے ہیں۔غیرملکی جریدے میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ جن ممالک میں اثاثے ظاہر کئے گئے ، ان میں متحدہ عرب امارات، سنگاپور، برطانیہ ، کینیڈا اور دیگر ملک شامل ہیں۔ جریدے کے مطابق سب سے زیادہ متحدہ عرب امارات میں موجود 346 ارب روپے کے اثاثے سفید کیے گئے جبکہ 114 ارب روپے کے اثاثے سوئٹزر لینڈ میں سامنے لائے گئے جبکہ برطانیہ میں 89 ارب اور سنگاپور میں 87 ارب کا کالا دھن سفید کیا گیا۔واضح رہے پاکستان میں ٹیکس ایمنسٹی سکیم 30 جون 2019 کو ختم ہو جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل فور انٹرنیشنل ٹیکس فیڈرل بورڈ آف ریونیو محمد اشفاق کے مطابق دنیا بھر میں پاکستانیوں کو ٹیکس ایمنسٹی سے فائدہ اٹھانے کاپیغام دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا باہمی معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات اور پاکستان پراپرٹی کی تفصیل شئیر کرے گا۔ گزشتہ سال پاکستان نے 28 ممالک جبکہ رواں سال 71 ممالک سے تفصیلات حاصل کیں۔ تفصیلات کا یہ دائرہ کار آئندہ دو سے تین سال میں 100 ممالک تک بڑھ جائے گا۔