کراچی ، اسلام آباد، لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ، لیڈی رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر ) کراچی کے مختلف علاقوں میں گردآلود ہوائیں چلنے کے بعد مٹی کے طوفان سے لوگ خوفزدہ ہوگئے ، اس کے علاوہ اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں بھی بادل جم کر برسے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ لاہور میں بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا برا حال ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں گردآلودہوائوں کے بعد تیزبارش ہوئی، سرجانی ٹاؤن،گلشن معماراورگلشن حدیدمیں مٹی کاطوفان سے لوگ خوفزدہ ہو گئے ، مختلف علاقوں میں بونداباندی سے موسم بھی خوشگوار ہوگیا ۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں تین دن بارش کی پیشنگوئی کی ہے ، ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد ، بالائی ووسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش، پنجاب کے شہر حافظ آباد میں 51 ، چکوال 47 ، جوہرآباد 42 ، اسلام آباد،سید پور39 ، گولڑہ 25 ، زیروپوائنٹ 18 ، بوکرا 11 ، ائیرپورٹ 5 ، سرگودھا 28 ، لیہ 24 ، ساہیوال 23 ، نارووال 16 ، اوکاڑہ 15 ، منڈی بہاؤالدین ، نور پور تھل ، قصور10، راولپنڈی 10 ، لاہور8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔سب سے زیادہ درجہ حرارت، دادو میں 48،موہنجوداڑو47،بہاولپوراوررحیم یارخان میں46 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا موسم جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے ۔ دریں اثنا صوبائی دارالحکومت میں بجلی کی غیر علانیہ لوڈشیڈ نگ تھم نہ سکی ، گزشتہ روز بھی کریم پارک،راوی روڈ ،اتحاد پارک ،شاہدرہ ،بادامی باغ ،کوٹ خواجہ سعیدسمیت دیگر علاقوں میں غیر علانیہ لوڈشیڈ نگ کی جاتی رہی، کئی علاقو ں میں بجلی کی بندش کے بعد پانی کی فراہمی بھی متاثرہوئی ۔ شاہدرہ میں شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔