اسلام آباد(لیڈی رپورٹر،این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتا ہے ، کسی علاقے کے عوام کو ہمیشہ کیلئے کرفیو اور جبرواستبداد کی کارروائیوں کے ذریعے دبایا نہیں جاسکتا ، پاکستان میں انسانی حقوق کے معاملات کو اور زیادہ اجاگرکرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انسانی حقوق کی سفارت کاری پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کشمیر میں انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں ، ہمیں انسانی بنیادوں پر اس مسئلے کو حل کرنا ہے ، ہمارا آئین اور مذہب دونوں ہمیں انسانی حقوق کے تحفظ کی تلقین کرتے ہیں ، آبادی کے زیادہ پسے ہوئے طبقوں کو بااختیاربنانے اوران کے مسائل کو حل کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل کرنے ہے ،حکومت پسے ہوئے طبقات کی بہتری کیلئے لائحہ عمل اپنا رہی ہے ۔