کراچی(رپورٹ:ایس ایم امین)وفاقی کوآرڈینیشن کمیٹی کے برساتی نالوں سے تجاوزات ہٹانے کا اعلان 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود رسمی اعلان تک محدود ہے ،کراچی کے 38 میں سے تین بڑے نالوں سے تجاوزات آج سے ہٹانے کا اعلان کیا گیا ہے گجرنالے ،اورنگی نالے اورمحمود آباد نالے کے اطراف آباد مکینوں میں بے چینی پھیل گئی،متبادل فراہم کیے بغیرتجاوزات کے خلاف کارروائی عوامی مزاحمت اوراحتجاج کے باعث پہلے ہی روزسیاسی تنازع کے نذرہونے کاخدشہ ہے ۔کراچی کے 38 نالوں کے اطراف ڈھائی لاکھ سے زائد آبادی کی متبادل مقام پر منتقلی سے متعلق طریقہ کاروضع کیے بغیرنالوں سے تجاوزات ختم کرنے کے حکومتی اعلان پربے چینی پھیل گئی ہے جبکہ مقامی سطح پرممکنہ بیدخلی کیخلاف احتجاج کا بھی امکان ہے ۔وفاقی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ایک رکن نے روزنامہ 92 نیوز کوبتایاکہ کراچی کے تین بڑے نالوں سے تجاوزات ہٹانے کا کام شروع کیا جارہا ہے نالوں کے اطراف بسے ہوئے لوگوں کوکہاں منتقل کیا جائے گاوہ بھی لاعلم ہیں۔علاوہ ازیں گجرنالے ، محمودآباد نالے اوراورنگی نالے کے اطراف بسے ہوئے مکینوں نے متبادل کی فراہمی کے بغیرگھرخالی کرنے سے انکارکردیا ہے اتوارکوایک ادارے کی جانب سے ان کے گھرمارک کرنے کی کارروائی کے دوران ٹیم کوشدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ہے اورسرکاری ٹیم اپنا کام ادھورا چھوڑکرچلی گئی ہے ،مکینوں کا مطالبہ تھا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی سے قبل انہیں متبادل کی فراہمی کے طریقہ کاراورپروگرام سے آگاہ کیا جائے ۔علاوہ ازیں وفاقی کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے کسی منصوبہ بندی کے بغیرنالوں سے تجاوزات ہٹانے کے اعلان پرسیاسی حلقوں نے اسے عوامی بے چینی کے فروغ کے مترادف قراردیا ہے اورکہاہے کہ کارروائی عوامی بے چینی اوراحتجاج کا سبب بنے گی۔وفاقی کوآرڈینیشن کمیٹی کے ذرائع کے مطابق کراچی کے 3 بڑے نالوں گجرنالہ، ملیر اور لیاری نالے پر تجاوزات ختم کرنے کا کام آج پیر سے ہرصورت شروع ہوجائے گا اس سلسلے میں این ڈی ایم اے نے اپنا کام شروع کر دیا ہے ۔