کراچی(سٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت کی جانب سے سٹیل ملز کے 9 ہزار ملازمین کو گولڈن شیک ہینڈ کے تحت برطرف کرنے کے خلاف سینکڑوں ملازمین نے مرکزی دروازے پر دھرنا دے کرمظاہرہ کیا۔ملازمین نے نیشنل ہائی وے پر جانے کی کوشش کی تو پولیس نے لاٹھی چارج کردیا اور 5 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔ملازمین نے کہا کہ اقتدار سے قبل تحریک انصاف نے سٹیل ملز چلانے کا وعدہ کیا تھا، من پسند لوگوں کو نوازنے کیلئے ملازمین کو برطرف کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، مظاہرین نے اعلان کیا کہ برطرفی احکامات واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا۔ بعدازاں رات کو وزیراعلیٰ سندھ نے گرفتار مزدور رہنماؤں کی رہائی کا حکم دیدیا ۔ صوبائی وزیر تجارت جام اکرام دھاریجو نے کہا کہ سٹیل ملز کی بندش کا مطلب ہزاروں خاندانوں کا معاشی قتل ہوگا، وفاقی حکومت ظالمانہ فیصلے پر نظر ثانی کرے ۔ پی ایس پی چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے باوجود ملازمین کو برطرف کرنا سراسر ظلم ہے ۔ جی ڈی اے ترجمان سردار عبدالرحیم نے کہا کہ ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ، ملازمین کی برطرفی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ، وفاقی حکومت فیصلے پر نظر ثانی کرے ۔