کراچی ،اسلام آباد، لاہور( سٹاف رپورٹر، لیڈی رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ) شہر قائدمیں بدھ کی شب تیز ہوائوں کے ساتھ مٹی کے طوفان اور بارش کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور درجن بھر افراد زخمی ہوگئے ، ملیر میں بجلی کے پول بھی گر گئے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں بھی تیزہوائوں کے ساتھ بارش بھی ہوئی۔ گزشتہ شب شہر قائد میں مٹی کے طوفان اور بارش کے نتیجے میں ہلاکتیں لیاری تیسر ٹائون ملیرکینٹ کے علاقے سعدی ٹائون ، گلستان جوہر ، گلشن معمار و دیگر علاقوں میں ہوئیں ۔ ملیر درمحمد گوٹھ تھدو نالہ کے قریب بجلی کے 11000 کے وی کے 7 سے زائد پول پل پر گر گئے ۔ سرجانی سیکٹ 9 میں تیز آندھی کے بعد وہاں قائم باڑوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 70سے زائد باڑے جل کر تباہ ہوگئے جبکہ 80سے زائد مویشی زندہ جل کر مارے گئے جبکہ درجنوں مویشی جھلس گئے ، آخری اطلاعات تک امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب ، بالائی خیبر پختونخوا اورکشمیر کے علاقوں میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق آ ج لاہور میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا ۔