اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی مساجد میں حملہ آور کو روکنے کی کوشش کے دوران شہید ہونے والے پاکستانی شہری نعیم رشید کے لیے قومی ایوارڈ کا اعلان کیا ہے ۔اتوار کے روز ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ہم کرائسٹ چرچ دہشت گرد حملے کی زد میں آنے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ کو مکمل معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں،پاکستان کو میاں نعیم رشید پر فخر ہے جنہوں نے سفید فام دہشت گرد پر قابو پانے کی کوشش میں جام شہادت نوش کیا انکے حوصلے کو قومی انعام کے ساتھ یادگار بنایا جائے گا۔