کراچی (سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں 96 افراد کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا کارندہ یوسف عرف ٹھیلے والا پکڑا گیا ، ملزم کا گینگ 3 درجن سے زائد قاتلوں پر مشتمل تھا ۔ملزمان کی ٹیم فورسز کے جوانوں اور سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہی جبکہ مخبری کے شبہے میں ایک درجن افراد کو بھی قتل کیا ۔ملزم نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار سے نائن زیرو پر ملاقات ہوئی ،ملزم 1996 میں رینجرز کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد 1997 میں ضمانت پر باہر آگیا تھا ۔ انسداد دہشت گردی عدالتوں کے منتظم جج نے ملزم کو 23 نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیدیا، ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والا کا ایک اور ویڈیو بیان سامنے آگیا۔ملزم نے کہا ہے کہ میں دنیا کی نظر میں مردہ ہوچکا ہوں، مجھے دوبارہ زندہ کیا گیا۔ملزم نے اعتراف کیا کہ مجھے 2017میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کیاجس دن گرفتاری ظاہر کی گئی اسی دن مراد علی شاہ ملنے آئے تھے ،مراد علی شاہ نے کہا کہ تم دنیا کی نظر میں مرچکے ہو،تمہیں دوبارہ زندہ کیا جارہا ہے ،دوران گرفتاری ندیم نصرت نے میرے ماورائے عدالت قتل کی جھوٹی خبر اڑا دی،گھر والوں نے مجھ سے ملتی جلتی لاش کو میرے نام سے شناخت کرلیا،بیوی نے اس لاش کی تدفین کے بعد عدت بھی شروع کردی تھی،گرفتاری کے 93روز بعد مجھے چھوڑ دیا گیا تھا۔ایس ایس پی ایسٹ کی جانب سے یوسف عرف ٹھیلے والا کو گرفتار کرنے پریس کانفرنس مشکوک ہوگئی، ملزم کو دو سال قبل ر ینجرز نے بھی گرفتار کیا تھا اس 96افراد قتل کیوں ثابت نہ ہوپائے ، یوسف ٹھیلے والی گرفتاری پر سکیورٹی اداروں نے تحقیقات کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستارنے فاروق ستار نے کہا ہے کہ میں نے کبھی ملزم سے ملاقات نہیں کی ،انہیں سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کی سازش کی جارہی ہے ،میں کبھی بھی نائن زیرو کا کیئر ٹیکر یا انتظامی سربراہ رہا اورنہ کسی کو رکھا،ایم پی اے ہاسٹل میں کب کون رہا۔ مجھے علم نہیں۔