لاہور، کراچی (نامہ نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) پاک بھارت کشیدگی کم ہونے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کر دیا ہے ۔ سول ایوی ایشن ہیڈ کوارٹرز میں فضائی حدود کھولنے سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں ابتدائی طور پر ملک کے 4 ہوائی اڈوں سے پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ لاہور، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ ایئر پورٹ 4مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر کراچی، اسلام آباد ، کوئٹہ اور پشاور سے پروازیں بحال کی جائیں گی اور ایران اور مسقط کے راستے آنے والی پروازوں کو آمدورفت کی اجازت ہوگی البتہ مغربی روٹ سے آنے والے طیاروں کو پاکستانی ہوائی اڈوں پر اترنے کے حوالے سے فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کراچی سے یوکرائن اور سعودی ایئر لائن کی دو پروازوں کو گزرنے کی اجازت دی گئی۔ غیر ملکی پروازیں جزوی طور پر کھلے ائر پورٹس پر لینڈ کر سکیں گی اور فضائی حدود بھی انہی ائر پورٹس کی استعمال کر سکیں گی ۔گزشتہ تین روز سے پاک بھارت کشیدگی کے باعث لاہورائیر پورٹ پروازوں کیلئے بند ہے جس کی وجہ سے بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافر شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ پاکستان سے پہلی پرواز شام 6 بجے اسلام اباد سے کراچی کیلئے روانہ ہو ئی ۔پی آئی اے انتظامیہ نے لاہور ائر پورٹ پر کھڑے چار خالی طیارے کراچی سے آپریشنل کرنے کیلئے منگوالیے ۔فلائٹ آپریشن بند ہونے سے قو می و نجی ائر لائنز کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے ۔علامہ اقبال انٹر نیشنل ائر پورٹ پرفلائٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے گزشتہ تین روز کے دوران ڈیڑھ سو سے زائد پروازیں اڑان نہ بھرنے کی وجہ سے 75ہزارسے زائد مسافر سفر نہ کر سکے ۔