اسلام آباد،پشاور ( خبر نگار خصوصی،خبرنگار،92 نیوز)ملک میں پولیو وائرس کے مزید 2 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔نیشنل ایمرجنسی سنٹر نے کراچی اور جنوبی وزیرستان میں 2 پولیوکیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 8 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس پایا گیا، بچی افغان مہاجر خاندان سے تعلق رکھتی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں 10 ماہ کے بچے شاہ زیب میں پولیو وائرس پایا گیا۔ترجمان ایمرجنسی آپریشن سیل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رواں سال پولیو کے 62 کیسز رپورٹ ہوچکے ، جو خطے میں پولیو کے حوالے سے خطرناک صورتحال ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ حالیہ پولیو کیسز میں دونوں متاثرہ بچوں کے والدین نے انسدادپولیومہم کے دوران اپنے بچوں کو قطرے پلوانے سے انکار کیا تھا۔ ترجمان ایمرجنسی آپریشن سیل کے مطابق 2019 میں اب تک خیبر پختونخوا کی ٹرائبل ڈویژنز میں 8 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ، رواں سال سندھ سے 6، پنجاب میں 5 اور بلوچستان میں 5 پولیو کے کیس رپورٹ ہوئے ۔