کراچی(سٹاف رپورٹر) بہادر آباد کے علاقے کوکن سوسائٹی میں ہفتے کی صبح مبینہ کمسن چور 15سالہ ریحان کو چوری کے شبے میں بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیے جانے کے خلاف اتوار کی صبح مقتول بچے کے اہل خانہ اور اہل محلہ ریحان کی لاش کے ہمراہ خداداد کالونی سے نکلے اور شارع قائدین پر لاش رکھ کر احتجاج کیا۔ مقتول کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہمارے بچے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا،بچے نے اگر چوری کی تھی تو اسے پولیس کے حوالے کرتے ، ملزموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے بیٹے کو گھر میں لوہے کی گرل کے ساتھ باندھ کرنیم برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا کیا گیا اور وڈیو بنائی گئی ۔مقتول کے والد محمد ظہیر نے پولیس کو باقاعدہ درخواست دیتے ہو ئے کہا کہ مقدمے میں قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ شامل کی جائے ۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے مظاہرین کو کارروائی کی یقین دہانی کروائی گئی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے ۔ بعدازاں مقتول ریحان کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد ڈرگ روڈ قبرستان میں تدفین کردی گئی،مقتول 6بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرتے ہو ئے 2ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ واقعے میں ملوث مزید 10 سے 12 افراد کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔